
تل ابےب ،23مئی ( اے ےواےس)
اسرائیلی پولیس نے آج منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں فلسطینی تنظیم حماس کے زیر انتظام ایک سیل گرفتار کیا گیا ہے۔ سیل کے ارکان نے کئی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔اسرائیلی پولیس کے مطابق اس نے اور اسرائیلی جنرل سیکورٹی ادارے “شاباک” نے اس سیل سے تعلق کے شبہے میں 22 اپریل کو 5 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار شدگان نے اسرائیلی اہداف اور شخصیات کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اس میں پارلیمنٹ کے رکن ایتمار بن غیر کو نقصان پہنچانا بھی شامل ہے۔بن غفیر اسرائیلی پارلیمنٹ میں مذہبی صہیونی پارٹی کے رکن ہیں اور اپنے سخت گیر مواقف کے سبب شہرت رکھتے ہیں۔ وہ اسرائیل سے عربوں کی جبری ہجرت کا مطالبہ کرتے ہیں۔پولیس کے مطابق مذکورہ فلسطینی سیل کے ایک رکن نے ڈرون طیارہ خریدا۔ وہ بیت المقدس میں لائٹ ٹرین کو حملے کا نشانہ بنانا چاہتا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیل کے ارکان نے حملوں کے بعد مغربی کنارے میں الخلیل یا جنین شہر میں روپوش ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔سیل کے افراد کے خلاف جلد استغاثہ کی جانب سے الزامات کی فہرست پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ یہ فلسطینی سیل بیت المقدس میں حملوں ، اسرائیلی ذمے داران کے قتل اور اسرائیلی فوجیوں کے اغوا کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اس منصوبہ بندی پر رمضان کے دوران میں عمل کیا جانا تھا۔دوسری جانب فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیلی پولیس کے بیان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ جاری نہیں کیا ہے۔