
نئی دلی۔ 22؍ جون۔ ایم این این۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جرمنی کے چانسلر اولاف شولز کی دعوت پر جرمنی کا دورہ کریں گے۔ پی ایم مودی 26-27 جون 2022 کو جرمن صدارت میں G7 سربراہی اجلاس کے لیے جرمنی کا دورہ کریں گے ۔ سمٹ کے دوران، وزیر اعظم سے دو سیشنوں میں بات کرنے کی توقع ہے جن میں ماحولیات، توانائی، آب و ہوا، خوراک کی حفاظت، صحت، صنفی مساوات اور جمہوریت شامل ہیں۔ان اہم مسائل پر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوشش میں، دیگر جمہوریتوں جیسے ارجنٹائن، انڈونیشیا، سینیگال اور جنوبی افریقہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کچھ شریک ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔G7 چوٹی کانفرنس کا دعوت نامہ ہندوستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط اور قریبی شراکت داری اور اعلیٰ سطحی سیاسی رابطوں کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم کا جرمنی کا آخری دورہ بھارت۔جرمنی بین الحکومتی مشاورت کے چھٹے ایڈیشن کے لیے 2 مئی 2022 کو تھا۔G7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد، وزیر اعظم 28 جون 2022 کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا سفر کریں گے تاکہ متحدہ عرب امارات کے سابق صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر ذاتی تعزیت کریں۔ وزیر اعظم شیخ محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب امارات کے نئے صدر اور ابوظہبی کے حکمران منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کا موقع بھی لیں گے۔وزیراعظم 28 جون کو اسی رات یو اے ای سے وطن واپسی کیلئےروانہ ہوں گے۔